کوئٹہ (الفجرآن لائن) کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں سانحۂ زیارت کے شہداء کی نمازِ جنازہ ہزاروں افراد کی موجودگی میں انتہائی رنج و غم کے ماحول میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے سربراہ اور قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد کے ہمراہ شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں مختلف سیاسی، سماجی، قبائلی، مذہبی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کرکے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، جبکہ شہداء کے درجاتِ بلندی، مغفرت اور وطن کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ فضا سوگوار تھی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آ رہی تھی۔

