کوئٹہ (الفجرآن لائن): گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال کے شوہر میر چنگیز خان کُرد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میر چنگیز خان کُرد کے انتقال کو ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے محترمہ زبیدہ جلال اور تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
دوسری جانب گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے بھی میر چنگیز خان کُرد کی وفات پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے۔

