کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن العزم کے تحت سیکیورٹی فورسز نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے چا ر دہشتگردو گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دہشت گردوں کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں اور ان کے سہولت کاروں کے شبے میں کئی افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مبینہ طور پرفتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد مارے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ ان کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم ان کی تعداد کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث ہونے کے شبے میں متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام تک ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی

