الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہانتخابی مہم کے دوران نئی ترقیاتی اسکیموں یا مالی پیکجز کا اعلان ممنوع قرار۔
سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں ، ترجمان خلاف ورزی کی صورت میں وفاقی یا صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی گاڑیاں، سامان اور امدادی اشیا ضبط کر لی جائیں گی،بیان
مظفرآباد(الفجر آن لائن) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ضابط اخلاق جاری کرتے ہوئے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات کے دوران ضابط اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمیشن شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی ضابط اخلاق کی پابندی کریں۔
اس حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ وفاقی اور صوبائی وزرا انتخابی مہم چلا سکتے ہیں، مگر سرکاری پروٹوکول اور وسائل استعمال نہیں کر سکتے۔
سرکاری مشینری کو انتخابی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ضابط اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی۔اسی طرح انتخابی مہم کے دوران نئی ترقیاتی اسکیموں یا مالی پیکجز کا اعلان ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
عوامی مفاد کے نئے منصوبوں کے اعلانات بھی خلاف ورزی ہیں۔الیکشن کمیشن نے وفاقی و صوبائی وزرا، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ضابط اخلاق پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں وفاقی یا صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی گاڑیاں، سامان اور امدادی اشیا ضبط کر لی جائیں گی۔ ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

