ویانا (الفجرآن لائن) ایرانی شہزادے کی ساس کا 600 ہیروں والا قیمتی ہار یورپ کے عجائب گھر سے چوری کر لیا گیا۔ویانا میں ایک میوزیم سے 600 سے زیادہ ہیروں سے سجا ایک ہار چوری کرنے والے دو افراد کی تلاش کے لیے بین الاقوامی کارروائی جاری ہے، دونوں افراد نے اس نمائش کا ٹکٹ خریدا تھا جس میں یہ ہار رکھا گیا تھا۔
ویانا (الفجر آن لائن): جس کے بعد پولیس نے دو مشتبہ افراد کی گرفتاری اور قیمتی زیور کی بازیابی کے لیے بین الاقوامی سطح پر کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں مشتبہ افراد نے ویانا کے میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس میں جاری نمائش کا باقاعدہ ٹکٹ خریدا تھا۔ میوزیم میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر اس شیشے کے حفاظتی کیس کو توڑ دیا جس میں تاریخی ہار رکھا گیا تھا اور ہار لے کر موقع سے فرار ہوگئے۔
چوری ہونے والا ہار سابق مصری شاہی خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اسے مصر کی ملکہ نازلی نے 1939 میں اپنی بیٹی شہزادی فوزیہ کی شادی کے موقع پر پہنا تھا۔ شہزادی فوزیہ کی شادی ایران کے اُس وقت کے ولی عہد محمد رضا پہلوی سے ہوئی تھی، جو بعد میں ایران کے آخری بادشاہ بنے۔
تاریخی حیثیت رکھنے والے اس ہار میں 600 سے زائد ہیرے جڑے ہوئے ہیں، جن کا مجموعی وزن 200 قیراط سے زیادہ بتایا جاتا ہے۔ ماہرین کے اندازے کے مطابق ہار کی مالیت 40 لاکھ امریکی ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔
یہ ہار پلاٹینم اور قیمتی ہیروں سے تیار کیا گیا تھا اور اسے دنیا کی معروف زیورات ساز کمپنی وان کلیف اینڈ آرپلز سے متعلق ایک خصوصی نمائش میں رکھا گیا تھا۔ یہ نمائش میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس میں ستمبر تک جاری رہنے والی تھی۔
ویانا میں پیش آنے والی یہ واردات یورپ کے عجائب گھروں میں قیمتی نوادرات اور تاریخی اشیا کی چوری کے حالیہ واقعات میں ایک اور اضافہ ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران مختلف یورپی عجائب گھروں سے قیمتی زیورات، نایاب فن پارے، تاریخی نوادرات اور دیگر قیمتی اشیا چوری ہونے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔
حالیہ نمائش میں قیمتی اور تاریخی زیورات کی موجودگی کے باعث سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، تاہم چور شیشے کے حفاظتی کیس کو توڑ کر ہار لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ دونوں مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ حکام کو امید ہے کہ جدید تفتیشی طریقوں اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے چوری شدہ تاریخی ہار کو جلد برآمد کرلیا جائے گا۔

