اسلام آباد(الفجر آن لائن) دارالحکومت میں فائر اور لائف سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والی عمارتوں کے خلاف کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے بلیو ایریا میں تین اہم سرکاری عمارتیں سیل کردی ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈائریکٹوریٹ نے بلیو ایریا میں واقع عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران فائر پریوینشن، ایمرجنسی ایگزٹ اور ہنگامی صورتحال میں انخلا کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
فائر سیفٹی قوانین پر مطلوبہ معیار کے مطابق عملدرآمد نہ ہونے پر شہید ملت سیکرٹریٹ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی عمارت کو سیل کیا گیا۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے، جبکہ فائر سیفٹی معیارات کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

