Chief Secretary Balochistan Shakeel Qadir Khan and Google Techvalley CEO Umar Farooq discuss digital education, IT training and Google Career Certificate scholarships for youth.
کوئٹہ (الفجرآن لائن) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے گوگل ٹیک ویل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر فاروق نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں ڈیجیٹل سکلز، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں گوگل سرٹیفیکیشن، ڈیجیٹل پاسبان، ڈیجیٹل بلوچستان، ڈیجیٹل صحافت اور گوگل سینٹر آف ایکسیلنس سمیت مختلف پروگرامز پر بات چیت ہوئی، جبکہ صوبے کے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے عملی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ بلوچستان اسکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت مختلف اضلاع میں آئی ٹی سنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، جنہیں فعال بنانے کیلئے آئی ٹی افسران اور اساتذہ تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام سکولوں اور کالجز کو فائبر آپٹک نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ طلبہ و طالبات آن لائن تربیت اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے عوامی خدمات کو مؤثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد عوامی رابطے میں آسانی، دفتری تاخیر میں کمی اور سرکاری نظام میں شفافیت و کارکردگی کو فروغ دینا ہے۔
عمر فاروق نے بلوچستان کے نوجوانوں میں ڈیجیٹل صلاحیتیں پیدا کرنے اور انہیں ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپس، آن لائن کورسز اور ہارڈویئر کی فراہمی کے ذریعے طویل مدتی تکنیکی استعداد پیدا کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے **Google Career Certificates** کی اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ گوگل سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے، جس سے انہیں مقامی اور عالمی مارکیٹ میں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

