کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے۔ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سابق ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل اور قبائلی رہنماء سردار محمد حنیف خان موسیٰ خیل نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال، موسیٰ خیل سمیت مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اقدامات اور عوام کو درپیش مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کو بھی ترقی کے عمل میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں سردار بابر خان موسیٰ خیل اور سردار محمد حنیف خان موسیٰ خیل نے وزیر اعلیٰ کو اپنے علاقے کے مختلف عوامی مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں

