کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی جانب سے ضلع صحبت پور کے 10 ہونہار میٹرک طلباء و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر ‘شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز فُلّی فنڈڈ اسکالرشپ 2025’ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ منتخب ہونے والے تعلیمی ٹاپرز میں 5 طالبات اور 5 طلباء شامل ہیں۔
سی ای او بی ای ای ایفاس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر بی ای ای ایف، خالد ماندائی نے کامیاب ہونے والے تمام طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ باصلاحیت اور محنتی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا، ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرنا بلوچستان کے تابناک اور روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے تحت بی ای ای ایف صوبے کے تمام باصلاحیت اور مستحق طلباء و طالبات کو مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارے کی جانب سے یہ دعا اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ یہ ہونہار نوجوان اپنی محنت اور کامیابیوں کے ذریعے نہ صرف اپنے ضلع صحبت پور بلکہ پورے بلوچستان کا نام روشن کریں گے۔

