اسلام آباد(الفجرآن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جو ہمیں وطن عزیز کے دفاع کیلئے مسلح افواج اور قوم کے بے مثال عزم، اتحاد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
یومِ دفاع و شہدا 6 ستمبر 2026 کی مناسبت سے جاری پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو دشمن کی بلااشتعال جارحیت اور عددی برتری کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری سے اسے ہر محاذ پر ذلت آمیز اور فیصلہ کن شکست سے دوچار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر میں پوری قوم کی جانب سے اپنی مسلح افواج کے شہدا، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں ۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ 1965 کی جنگ میں ہماری مسلح افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور شجاعت کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا ثبوت دیا، مسلح افواج اور قوم نے مل کر ہماری قومی تاریخ میں قابلِ رشک اور لازوال میراث رقم کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ماضی میں بہادری کی تابناک روایت کو برقرار رکھتے ہوئے معرکہ حق میں پاک افواج نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی کمال پیشہ ورانہ حکمت عملی سے اپنے ازلی دشمن کو ایسا جواب دیا جسے اس کی نسلیں یاد رکھیں گی

