کوئٹہ (الفجرآن لائن) بزرگ سیاسی و قبائلی رہنما، علم و شعور کے علمبردار اور سیاسی و سماجی بیداری کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے میر غلام قادر بگٹی مرحوم کی دسویں برسی پاکستان ہاؤس سوئی میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر چیف آف بگٹی و وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے چھوٹے بھائی اور میر غلام قادر بگٹی مرحوم کے چھوٹے صاحبزادے میر آفتاب خان بگٹی، وڈیرہ محمد بخش موندرانی، میر عطاء اللہ کلپر، وڈیرہ شاہ مراد خان مسوری، میر جمال خان کلپر سمیت دیگر سیاسی و قبائلی عمائدین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تعزیتی ریفرنس کے دوران شرکاء نے میر غلام قادر بگٹی مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات، اصول پسندی، خودداری، علم دوستی اور جمہوری جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی نے اپنے دور میں علم و شعور کے فروغ اور اپنے لوگوں میں سیاسی و سماجی بیداری پیدا کرنے کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا، جبکہ ان کی جدوجہد اور خدمات آج بھی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اس موقع پر مرحوم میر غلام قادر بگٹی کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی، جبکہ شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ دریں اثناء پاکستان ہاؤس سوئی کے علاوہ بیکٹر، لوٹی اور دیگر مقامات پر بھی میر غلام قادر بگٹی مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنسز اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، جن میں سیاسی و قبائلی شخصیات، عمائدین اور عوام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے والدِ محترم میر غلام قادر بگٹی مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی نے علم، شعور اور سیاسی و سماجی بیداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی اصول پسندی، خودداری، علم دوستی اور اپنے لوگوں کی خدمت سے عبارت تھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی میرے والد ہی نہیں بلکہ میرے پہلے استاد، رہنما اور زندگی میں میری فکری تربیت کرنے والی عظیم شخصیت تھے۔ انہوں نے مجھے مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے، اصولوں پر قائم رہنے اور اپنے لوگوں کی خدمت کا درس دیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی کی جدوجہد اور خدمات نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ان کی روشن فکر میراث کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی کو ہم سے بچھڑے دس برس گزر گئے، مگر ان کی یادیں، افکار اور ان کی دی ہوئی تربیت آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ بزرگوں کی یادیں اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہتی ہیں

