کوئٹہ(الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان پورے بلوچستان میں قومی جوش و جذبے اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت اور وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی ہدایات پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے بہترین اور مؤثر انتظامات کیے گئے، جس کے باعث الحمدللہ یومِ دفاع کے موقع پر صوبے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔اپنے ایک بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان ہمیں اپنی بہادر افواج، سیکیورٹی فورسز اور شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہماری سیکیورٹی فورسز صوبے کے امن و امان کے قیام کے لیے دن رات اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور ان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیوں کو جتنا بھی خراجِ تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ ہماری فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کی مرہونِ منت صوبے میں امن و استحکام کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں امن کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کا عمل بھی جاری ہے۔ حکومت بلوچستان امن و امان کے قیام کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے.انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور دہشت گرد تنظیمیں بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، تاہم ریاستی ادارے اور عوام متحد ہو کر ان کے مذموم عزائم ناکام بنا رہے ہیں۔
فتنہ الہندوستان، فتنہ الخوارج اور بھارتی پراکسیز کو بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز مل کر شکست دیں گے.معاون برائے داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن پسند اور محب وطن ہیں اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ دشمن قوتیں جتنی بھی سازشیں کرلیں، بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا.بابر یوسفزئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ پورا بلوچستان امن کا گہوارہ بنے گا اور صوبے کے ہر علاقے میں ترقی و خوشحالی کا سفر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پُرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ بلوچستان ہی ہمارا مقصد ہے اور حکومت، عوام اور سیکیورٹی فورسز مل کر اس مقصد کو حاصل کریں گے

