کراچی (الفجرآن لائن): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد سے کراچی میں ایک اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا بنیادی مقصد سوشل پروٹیکشن والٹس (SPW) کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور مؤثر بنانا تھا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مستحق خواتین تک امدادی رقوم کی بروقت اور آسان فراہمی سے متعلق مختلف تکنیکی اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے گورنر اسٹیٹ بینک کو پروگرام کی کارکردگی اور اس وقت درپیش مختلف چیلنجز سے آگاہ کیا، جن کے فوری حل کے لیے انہوں نے مرکزی بینک کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ دوسری جانب، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بی آئی ایس پی کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک مستحق خواتین (بینیفشریز) تک مالیاتی خدمات کی بروقت فراہمی اور سوشل پروٹیکشن والٹس کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون اور معاونت جاری رکھے گا۔

