کراچی (الفجرآن لائن) کوک سٹوڈیو سیزن 14 کے مقبول ترین گانے ’پسوڑی‘ نے پاکستانی موسیقی کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے یوٹیوب پر 1 ارب ویوز کا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔علی سیٹھی اور شے گل کی جادوئی آواز میں گایا گیا یہ شاہکار یہ عالمی اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی میوزک ویڈیو بن گیا ہے۔
اس شاندار کامیابی پر کوک سٹوڈیو نے دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔اگرچہ کوک سٹوڈیو کی جانب سے حال ہی میں متعارف کروائی گئی ’نو ویو‘صنف کو مداحوں کی جانب سے زیادہ پذیرائی نہیں مل سکی، لیکن اس بات پر سب متفق ہیں کہ 2022 میں ریلیز ہونے والا گانا ’پسوڑی‘ آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کر رہا ہے۔
اس گانے نے اپنی بے پناہ مقبولیت کے باعث یوٹیوب پر 1 ارب ویوز کا وہ ہدف عبور کر لیا ہے جو اس سے قبل کسی پاکستانی میوزک ویڈیو نے حاصل نہیں کیا تھا۔

