کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی اور تاریخی شناخت کو بحال کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت اب تک 12 اہم ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 7 منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور شہر کی مزید بہتری کے لیے 5 نئے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اہم اجلاسیہ فیصلے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس کے دوران کوئٹہ شہر کی ترقی، تزئین و آرائش اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ کے دوران پیکج کے تحت جاری اور مکمل شدہ منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی: میر سرفراز بگٹیاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور نئے مجوزہ منصوبوں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام منصوبوں میں معیار اور رفتار دونوں کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
کوئٹہ صوبے کا چہرہ ہےوزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ صوبے کا چہرہ ہے، اس لیے شہر کی ترقی، خوبصورتی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو جدید، خوبصورت اور بہتر سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ترقی محض تعمیراتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ شہر کو ایک منظم اور خوبصورت صوبائی دارالحکومت بنانا حکومت کا اصل مقصد ہے

