کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان سے سبکدوش ہو کر پنجاب تبادلہ ہونے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ممتاز افسر حمود الرحمٰن کی صوبے کے لیے گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے حمود الرحمٰن کو ان کی بہترین کارکردگی پر ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے حمود الرحمٰن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتظامی امور میں مؤثر کردار اور تفویض کردہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ حمود الرحمٰن نے بلوچستان میں اپنی تعیناتی کے دوران سرکاری امور کی انجام دہی میں قابل قدر اور نمایاں کردار ادا کیا۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ افسران کی پیشہ ورانہ قابلیت، محنت اور فرض شناسی کا احساس ہی انتظامی نظام کی بہتری اور عوامی خدمت کے عمل کو مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے افسر کے لیے پنجاب میں نئی ذمہ داریوں پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر پی اے ایس افسر حمود الرحمٰن نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں خدمات انجام دینا ان کے لیے ایک انتہائی اہم اور یادگار پیشہ ورانہ تجربہ رہا ہے۔ حمود الرحمٰن نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے انتظامی امور میں فراہم کردہ مسلسل معاونت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی سرپرستی کی بدولت ہی انہیں اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے کا بھرپور موقع ملا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان میں تعیناتی کے دوران حاصل ہونے والا یہ وسیع تجربہ ان کے آئندہ پیشہ ورانہ سفر کا ایک اہم اور گراں قدر حصہ رہے گا۔

