وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا انسداد پولیو اقدامات پر اظہار اطمینان، مؤثر اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت

کوئٹہ، 15 اکتوبر: بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وائرس کی موجودگی جانچنے کے لیے حاصل کیے گئے تمام 23 ماحولیاتی نمونوں کے نتائج منفی آگئے ہیں۔ اس پیش رفت کو صوبے میں انسداد پولیو کے لیے جاری اقدامات، مسلسل نگرانی اور محکمہ صحت، پولیو ورکرز اور والدین کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ماحولیاتی نمونوں کے منفی نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انسداد پولیو کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور ٹھوس کوششوں کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے مسلسل کوششیں اور ٹھوس اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے انسداد پولیو کی قومی مہم کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ تمام 23 ماحولیاتی نمونوں کے نتائج منفی آنا گزشتہ تین سال سے جاری مسلسل جدوجہد اور شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق حکومت بلوچستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور پالیسیوں کے تسلسل سے پولیو کے خاتمے کی جانب اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
بخت محمد کاکڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری کی مسلسل نگرانی اور سرپرستی کو اس پیش رفت میں کلیدی قرار دیتے ہوئے محکمہ صحت، پولیو ورکرز اور بچوں کے والدین کی مشترکہ کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔
صوبائی وزیر صحت کے مطابق دہشت گردی کے خطرات، دشوار گزار علاقوں، شدید گرمی و سردی اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باوجود پولیو ورکرز نے بچوں تک رسائی کی کوششیں جاری رکھیں۔ انہیں زخمی کرنے، اغوا کرنے اور دھمکیاں دینے جیسے واقعات کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم ان کا عزم اور ثابت قدمی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے انسداد پولیو مہم کے دوران جانوں کی قربانی دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان پولیو ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی خدمات و قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حاصل ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پولیو سے پاک بنانے تک جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

