اسکول حادثے میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے، تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظتی جانچ یقینی بنانا ضروری ہے، سینیٹر روبینہ خالد
پشاور،(الفجرآن لائن): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور کے علاقے دیر کالونی، سعیدآباد کا دورہ کیا اور اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کرکے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سینیٹر روبینہ خالد نے معصوم بچوں اور اساتذہ کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات میں غفلت اور کوتاہی کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی کمزوریوں اور غفلت کا بروقت تدارک ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کی جا سکے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ایسے المناک واقعات پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو سمجھنے، انہیں حوصلہ دینے اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تعلیمی اداروں میں بچوں اور اساتذہ کی حفاظت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کی عمارتوں کی باقاعدہ حفاظتی جانچ اور مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جانے چاہییں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں اور اساتذہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کو جلد صحت یابی نصیب فرمائے۔ آمین۔

