غیر محفوظ عمارتوں میں تدریسی سرگرمیاں فوری روک کر طلبہ اور عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت، غفلت پر کارروائی ہوگی
کوئٹہ(الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری سیکنڈری اسکولز ڈیپارٹمنٹ بلوچستان لعل جان جعفر نے صوبے کے تمام اضلاع میں سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا فوری اور جامع معائنہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سیکرٹری سیکنڈری اسکولز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تمام ضلعی افسرانِ تعلیم کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خستہ حال اور ساختی طور پر کمزور عمارتوں کی نشاندہی کرکے طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی جان و سلامتی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
ہدایت نامے کے مطابق حالیہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دی گئی ہدایات اور خیبر پختونخوا میں اسکول کی عمارت گرنے کے حالیہ افسوسناک واقعے کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ طلبہ اور تعلیمی عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں۔
تمام ضلعی افسرانِ تعلیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا فوری معائنہ کریں اور ایسی عمارتوں، کلاس رومز یا حصوں کی نشاندہی کریں جو خستہ حالی، ساختی کمزوری یا کسی بھی دوسرے سبب سے غیر محفوظ ہوں۔ بالخصوص دیواروں میں نمایاں دراڑوں، خراب چھتوں، کمزور دیواروں اور بنیادوں، بوسیدہ ڈھانچوں اور دیگر ممکنہ حفاظتی خطرات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکرٹری سیکنڈری اسکولز ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی اسکول کی عمارت، کلاس روم یا اس کا کوئی حصہ غیر محفوظ محسوس ہونے کی صورت میں وہاں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر روک دی جائیں اور طلبہ و عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔ متعلقہ عمارت یا حصے میں داخلے پر اس وقت تک پابندی برقرار رکھی جائے جب تک مجاز تکنیکی حکام معائنہ کرکے اسے ساختی طور پر محفوظ قرار نہ دے دیں۔
ہدایت نامے میں ضلعی افسرانِ تعلیم کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ خطرناک اور غیر محفوظ عمارتوں کے حوالے سے اسکول وار تفصیلی رپورٹ تیار کریں۔ رپورٹ میں ساختی خطرے کی نوعیت اور شدت، متاثرہ طلبہ کی تعداد، کیے گئے فوری حفاظتی اقدامات اور مرمت، بحالی یا ازسرِنو تعمیر کی ضروریات واضح طور پر درج کی جائیں۔
تمام اضلاع کی یکجا رپورٹ ترجیحی بنیادوں پر محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ارسال کی جائے گی تاکہ مزید ضروری کارروائی اور عمارتوں کی تکنیکی جانچ کے لیے متعلقہ تفصیلات محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ساتھ شیئر کی جا سکیں۔
سیکرٹری سیکنڈری اسکولز ڈیپارٹمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کو انتہائی ہنگامی نوعیت کا سمجھا جائے۔ کسی غیر محفوظ اسکول کی عمارت کے حوالے سے حفاظتی اقدامات میں غفلت، تاخیر یا ناکامی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ذمہ دار افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے تمام ضلعی افسرانِ تعلیم پر زور دیا کہ ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول برقرار رہے اور طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

