لاہور(الفجر آن لائن) حکومتِ پنجاب نے جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی عائد کردی۔حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 30 روز تک کیلئے خفیہ طورپر تصاویر، ویڈیو اور آواز ریکارڈ کرنے والے آلات پر ہوگا۔ خفیہ کیمروں والی عینک، پین، کی چین وغیرہ کے استعمال سمیت دکانوں اور آن لائن خرید وفروخت پرپابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خفیہ ریکارڈنگ والے آلات سے شہریوں کی زندگی، حساس معلومات اور تنصیبات کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں، پابندی کا مقصد خواتین اوربچوں کی عزت اورنجی زندگی کا تحفظ یقینی بناناہے۔
اس کے علاوہ لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اورپی ٹی اے سے منظورشدہ ٹرمینل آلات پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔

