ترقیاتی معلومات تک عوام کی بروقت اور مستند رسائی شفاف حکمرانی، عوامی اعتماد اور ادارہ جاتی جوابدہی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا اجرا جدید ابلاغی نظام کی تشکیل اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی امور سے متعلق درست اور مستند معلومات تک رسائی عوام کا حق ہے۔ حکومتی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں معلومات کی بروقت فراہمی شفاف حکمرانی، عوامی اعتماد اور ادارہ جاتی جوابدہی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی سرگرمیوں سے متعلق معلومات تیزی سے عوام تک پہنچائی جا سکتی ہیں۔ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز حکومت اور شہریوں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باخبر شہری نہ صرف ترقیاتی عمل میں مؤثر شرکت کر سکتے ہیں بلکہ حکومتی اقدامات اور منصوبوں کی نگرانی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ معلومات قابلِ اعتماد، بروقت اور عام شہریوں کے لیے قابلِ فہم انداز میں فراہم کی جائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس امر پر زور دیا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں تک بھی ترقیاتی معلومات کی رسائی یقینی بنائی جائے۔ صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات سے متعلق معلومات کی فراہمی عوامی فلاح اور شہریوں کی آگاہی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال بہتر طرزِ حکمرانی کے بنیادی تقاضے ہیں۔ ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام کو منصوبوں کی پیش رفت اور فلاحی اقدامات سے آگاہ رکھنے سے حکومتی کارکردگی کے بارے میں معلومات تک رسائی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقی کا مقصد صرف منصوبوں کی تکمیل نہیں بلکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا بھی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شفاف معلومات، عوامی آگاہی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا بلوچستان میں پائیدار ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

