چھپر قومی شاہراہ سے کھرڑ بزدار تک سڑک کے سروے کی ہدایت، مریضوں کی منتقلی کے لیے ایمبولینس سروس کے اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی، میر سرفراز بگٹی
شمالی ڈیرہ بگٹی (الفجر آن لائن، 24 اکتوبر): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں مسلسل تیسرے روز کھلی کچہری منعقد کی، جہاں انہوں نے مختلف اضلاع سے آئے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں علاقائی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
بلوچستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں، میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں کوئی نو گو ایریا نہیں اور بلوچستان کے عوام ریاست اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکانِ اسمبلی اپنے حلقوں میں باقاعدگی سے جاتے اور علاقائی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ پنجاب کے علاقے تونسہ کو بلوچستان سے ملانے والی شاہراہ کے لیے وفاقی فنڈز کے اجرا کی خاطر کوششیں کی گئی ہیں، تاکہ رابطوں کو بہتر بنانے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد مل سکے۔
ضلع بارکھان کے علاقوں میں اسکول کھولنے کی ہدایت
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع بارکھان میں شامل ہونے والے علاقوں اندر پہوڑ، میریڑی واہ اور رڑہ شم سمیت تمام متعلقہ علاقوں کے سرکاری اسکول کھولنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کو بھی یکساں اہمیت دی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ایک پائلٹ پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔
انہوں نے چھپر قومی شاہراہ سے کھرڑ بزدار تک سڑک کی تعمیر کے لیے سروے کرانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق اس سڑک کی تعمیر سے بلوچستان کو پنجاب تک رسائی کے لیے ایک اور متبادل راستہ میسر آئے گا اور علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
کھرڑ بزدار سے ڈیرہ غازی خان تک ایمبولینس سروس فراہم کرنے کا حکم
کھلی کچہری کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان سے سیاسی و سماجی رہنما میر یعقوب بزدار نے ملاقات کی اور انہیں علاقے کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کھرڑ بزدار سے ڈیرہ غازی خان تک مریضوں کی منتقلی کے لیے فوری طور پر ایمبولینس سروس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سروس کے ماہانہ اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی، تاکہ ضرورت مند مریضوں کو علاج کے لیے منتقل کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان عوامی شکایات کے ازالے، تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

