شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ ہر پاکستانی بچہ صحت مند اور محفوظ زندگی گزارے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی
اسلام آباد (الفجر آن لائن): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہماری قومی ذمہ داری اور ہر بچے کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔ ان کا خواب تھا کہ پاکستان کا ہر بچہ صحت مند اور محفوظ زندگی گزارے اور کوئی بچہ پولیو کے باعث عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں تاکہ انہیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں عوامی تعاون اور والدین کا ذمہ دارانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارکن ملک کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ خصوصاً دشوار گزار علاقوں میں انسدادِ پولیو مہم چلانے والے کارکنوں کی محنت، خدمات اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی، مسلسل عوامی آگاہی اور قومی سطح پر مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ حکومت، والدین، معاشرے کے تمام طبقات اور متعلقہ اداروں کو مل کر اس قومی مقصد کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، تاکہ آنے والی نسلیں صحت مند اور محفوظ مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔

