اسلام آباد (الفجرّ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے سرکاری اسکولوں اور دینی مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کو کروم بکس فراہم کرنے کے پروگرام کا اجرا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ جدید ڈیجیٹل آلات آئندہ دو سال کے دوران طلبہ تک پہنچائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ وہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔
اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کروم بکس کی تقسیم میں صرف میرٹ، محنت اور قابلیت کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت طلباء و طالبات کو کروم بکس کے ساتھ بیگز اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والی مائی فائی ڈیوائسز بھی دی جا رہی ہیں، جن کی مدد سے وہ گھروں میں بیٹھ کر ای لائبریریوں اور دنیا بھر میں دستیاب تعلیمی وسائل سے استفادہ کرسکیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کے لیے علم کے نئے دروازے کھولے گی اور انہیں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے قابل بنائے گی۔ ان کے مطابق تعلیم ایسی دولت ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا، جبکہ قابلیت اور محنت انسان کو معاشرے میں نمایاں مقام دلاتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے تھے۔
اس پروگرام کے ذریعے مستحق اور یتیم طلبہ کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع ملے، کیونکہ ذہانت اور محنت کا تعلق کسی کی مالی حیثیت سے نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں چھ لاکھ لیپ ٹاپ دس سال کے عرصے میں تقسیم کیے گئے، جبکہ موجودہ پروگرام کے تحت پانچ لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کو صرف دو سال میں کروم بکس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کورونا وبا کے دوران طلبہ کو فراہم کیے گئے لیپ ٹاپس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان آلات نے تعلیم جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور متعدد طلباء اپنی تعلیم مکمل کرکے ڈاکٹرز، انجینیئرز اور دیگر شعبوں کے پروفیشنلز بنے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئی اسکیم بھی نوجوانوں کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے کروم بکس کی فراہمی کے لیے عطیہ دینے پر ٹوکیو کیئر فاؤنڈیشن کے بانی راشد منہاس اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دن رات محنت کرکے ملک کا نام روشن کرتے ہیں اور اس منصوبے میں ان کا تعاون پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو عزت دینے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے پانچ لاکھ کروم بکس کی فراہمی نوجوانوں کو ڈیجیٹل سہولیات سے منسلک کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر طلبہ کو انٹرنیٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق ایک مائی فائی کنکشن سے پانچ مزید بچے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 25 لاکھ بچوں تک اس پروگرام کے فوائد پہنچنے کی توقع ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ دانش اسکولوں کے ذریعے بھی مستحق طلباء کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں پاکستان کے مؤثر کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گی اور ملکی ترقی میں ان کی شمولیت کو فروغ دے گی

