لندن(الفجر آن لائن) مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ حکام آج ایرانی قیادت سے انتہائی اہم ملاقات کریں گے، پاکستان سے فیلڈ مارشل عاصم منیر نمائندگی کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ ایران میں مکہ دفاعی اتحاد کے حوالے سے ہونے والے چار ملکی اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام آج تہران میں ایرانی حکام سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں علاقائی تعاون اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ مجوزہ ملاقات ایران اور تینوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر پہلا رابطہ ہوگا، جب سے سعودی عرب کو یمن کے ایران نواز حوثی گروپ کی جانب سے بڑھتے ہوئے حملوں کا سامنا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران آج ترکی، پاکستان اور سعودی عرب کے سینئر حکام کی میزبانی کر رہا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ایران میں اس ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ فلسطین، لبنان اور خطے کی صورتحال پر اجلاس میں بات ہوگی، خطے کے ممالک کے درمیان اعتماد کا قیام ضروری ہے۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ تمام صورتحال پر نظر ہے، ہر قسم کے حالات کے لیے تیار ہیں، ملکی سلامتی کے لیے دفاع کا حق استعمال کریں گے، ایران کے خلاف کسی بھی وقت جارحیت کے خطرات موجود ہیں
۔ 4 ملکی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی تھی، فیلڈ مارشل عاصم منیرکی پیشکش پرایران نے4 ملکی اجلاس کی ہامی بھری۔

