![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/thumbs_b_c_e11cce75b5ec292042e36af25bf86c31.jpg)
اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان سے قرار داد کی منظوری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی قراردادوں سے دوطرفہ تعلقات پر اچھے اثرات نہیں پڑتے،پاکستان کی سیاسی صورت حال اور انتخابی عمل کو سمجھا نہیں گیا،امید ہے کہ امریکی کانگریس پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنانے کے لئے موثر کردار ادا کرے گی۔
بدھ کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے امریکی ایوان نمائندگان سے قرار داد 901 کی منظوری پر کئے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں امریکی ایوان نمائندگان سے منظور ہونے والی قرار داد901 کو نوٹ کیا ہے،ہم اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ اس قرار داد کی منظوری کا وقت بھی درست نہیں اور اسے باہمی تعلقات پر اچھے اثرات نہیں پڑیں گے،ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی صورت حال اور انتخابی عمل کو مکمل طور پر نہیں سمجھا گیا،پاکستان دنیا کی دوسری پارلیمانی جمہوریت اور پانچویں بڑی مجموعی جمہوریت ہے جو دستور پر چلنے،انسانی حقوق اور اپنے قومی مفادات کے مطابق قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے،ترجمان نے کہا کہ ہم تعمیری مذاکرات اور باہمی احترام و مفاہمت کی بنیاد پر رابطوں پر یقین رکھتے ہیں اور ایسی قرار دادیں تعمیری یا مقصدی کردار ادا نہیں کرتیں،امید رکھتے ہیں کہ امریکی کانگریس پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے کردار ادا کرے گی اور دونوں ملکو ں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائیگا۔