![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/16170409c2c9752.png)
میاں، بیوی کے درمیان معاملے کو سیاست کی نذر کر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا، عمر ایوب
اسلام آباد (الفجرآن لائن) پی ٹی آئی نے عدت نکاح کیس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کی عدت کیس میں سزا معطلی کی درخواست کو منظور نہیں کیا، اس درخواست کو منطور ہوجانا چاہیے تھا، اس میں کوئی پیچیدگی نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا قانونی حق رکھتے ہیں، اس کیس میں کوئی ٹیکنیکل تفصیلات نہیں تھیں، یہ ایک میاں، بیوی کے درمیان کا معاملہ ہے، جسے سیاست کی نذر کرتے ہوئے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کو ہم اپنے وکلاء کے ذریعے چیلنج کریں گے، کل فارم 47کے وزیراعظم شہباز شریف کو میں نے اسمبلی میں برملا کہا کہ جب تک میرے وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود بشری بی بی، چوہدری اعجاز، میاں محمود الرشید، حسان نیازی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، صنم جاوید، عالیہ حمزہ سمیت تمام اسیر رہنماؤں کی رہائی اور ان پر عائد الزامات ختم نہیں کئے جاتے تب تک کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالیہ کے17، 18 سالہ بیٹیوں کے موبائل فون لے کر ان کے فوٹو گرافس استعمال کئے جا رہے ہیں، خواتین کو45، 46ڈگری کی گرمی میں جیل کی وین میں بٹھایا جا تا ہے، ہمارے قیدیوں کو کوئی سہولت نہیں دی جا رہی، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک جاری ہے اور مزید تیزی سے چلے گی ،ہم ہر جگہ مظاہرہ کریں گے۔