متاثرہ علاقوں میں فوج، ایف سی، پی ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن جاری، امدادی سامان، میڈیکل ٹیمیں روانہ
ڈیرہ بگٹی( الفجرآن لائن) ڈیرہ بگٹی میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق،20 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ڈیرہ بگٹی میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق سوئی میں تیز ہواؤں کیساتھ طوفانی بارشوں سے درخت گرنے، کچے مکانات کی دیواریں ،چھتیں منہدم ہونے سے 2افراد جاں بحق جبکہ 20زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے کئی پول گرنے سے بجلی منقطع ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ، ضلعی انتظامیہ ،پی ڈی ایم اے ہر گھنٹے کی صورتحال مانٹیر کر رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان ،میڈیکل ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔