ندی نالوں کی صفائی ،نکاسی آب کے انتظامات جلد مکمل کئے جائیں، باہمی تعاون ،قبل ازوقت انتظامات سے قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے،عوام برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ڈی جی عرفان کاٹھیا
لاہور (الفجرآن لائن) پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ندی نالوں کی صفائی ،نکاسی آب کے انتظامات جلد مکمل کئے جائیں، باہمی تعاون ،قبل ازوقت انتظامات سے قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے،عوام برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، رواں سال مون سون بارشیں 30فیصد تک زائد ہونے کے خطرات ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15سے 50ملی میٹر ، دوسرے ہفتے میں 25سے 35ملی میٹر ،تیسرے ہفتے میں بالائی و جنوبی پنجاب میں 15سے 25ملی میٹر جبکہ چوتھے ہفتے میں 50سے 70ملی میٹر بارشیں ہو سکتی ہیں۔بیان کے مطابق بالائی، وسطی اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کیساتھ زوردار بارشیں متوقع ہیں، مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، شدید بارشوں کے پیش نظر وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔بیان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بھی ضلعی انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران تمام تر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ندی نالوں کی صفائی ،نکاسی آب کے انتظامات جلد مکمل کئے جائیں، باہمی تعاون اور قبل ازوقت انتظامات سے قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔