![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/07/sc-banner-new1-1024x344.jpg)
ثابت کریں الیکشن کمیشن نے غیر قانونی کام کیا ہم اڑا دیں گے، پی ٹی آئی ایک سال لینے کے باوجود انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کروا سکی،چاہتے ہیں جس کا جو حق ہے اس کو ملنا چاہئے، ریمارکس
اسلام آباد(الفجرآن لائن) سپریم کورٹ نے 2018ء اور 2024ء میں مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا فارمولا و دستاویزات طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ ثابت کریں الیکشن کمیشن نے غیر قانونی کام کیا ہم اڑا دیں گے، پی ٹی آئی ایک سال لینے کے باوجود انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کروا سکی،چاہتے ہیں جس کا جو حق ہے اس کو ملنا چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13رکنی فل کورٹ نے سنی اتحادکونسل کی مخصوص نشستوں بارے کیس کی سماعت کی ۔وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر مہمند نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میری چار قانونی معروضات ہیں، پی ٹی آئی نے قانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائے، پی ٹی آئی کے پارٹی ٹکٹ پر بیرسٹر گوہر کے بطور چیئرمین دستخط ہیں، پارٹی سرٹیفکیٹس جمع کراتے وقت پی ٹی آئی کا کوئی تنظیمی ڈھانچہ نہیں تھا۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ 22 دسمبر کو جاری شدہ ہیں، انٹرا پارٹی انتخابات کیس کا فیصلہ 13جنوری کا ہے تب تک بیرسٹر گوہر چیئرمین تھے۔ وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات 23 دسمبر کو کالعدم قرار دے دیئے تھے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ 26دسمبر کو معطل ہو چکا تھا ،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ غلطی کہاں سے ہوئی اور کس نے کی ہے یہ بھی بتائیں؟۔ وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ کئی امیدواروں نے پارٹی وابستگی نہیں لکھی اسی وجہ سے امیدوار آزاد تصور ہوگا۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اصل چیز پارٹی ٹکٹ ہے جو نہ ہونے پر امیدوار آزاد تصور ہوگا جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ اس معاملے پر میں اور آپ ایک پیج پر ہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پیج پھاڑ دیں مجھے ایک پیج پر نہیں رہنا۔وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کے جاری پارٹی ٹکٹس کی قانونی حیثیت نہیں، صاحبزادہ حامد رضا سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین تھے اور ہیں، صاحبزادہ حامد رضا خود کو پارٹی ٹکٹ جاری کر سکتے تھے، انہوں نے خود کو بھی پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا، حامد رضا نے کاغذات نامزدگی میں لکھا کہ ان کا تعلق سنی اتحاد کونسل سے ہے جس کا پی ٹی آئی سے اتحاد ہے، حامد رضا نے پی ٹی آئی کا پارٹی ٹکٹ جمع کرایا تھا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے حامد رضا کے کاغذات منظور کر لئے تھے۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ حامد رضا نے بیان حلفی میں ڈیکلریشن پی ٹی آئی نظریاتی کا جمع کرایا تھا۔جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ حامد رضا کو آزاد امیدوار قرار دینے سے پہلے کیا ان سے وضاحت مانگی گئی تھی؟ وکیل نے بتایا کہ حامد رضا نے درخواست دے کر شٹل کاک کا انتخابی نشان مانگا تھا، ریکارڈ میں پارٹی ٹکٹ نظریاتی کا نہیں بلکہ پی ٹی آئی کا ہے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد کاغذات نامزدگی میں تضاد پر کوئی نوٹس کیا گیا تھا؟ وکیل نے بتایا کہ ریٹرننگ افسر سکروٹنی میں صرف امیدوار کی اہلیت دیکھتا ہے انتخابی نشان کا معاملہ نہیں، حامد رضا خود کو سنی اتحاد کونسل کا امیدوار قرار نہیں دینا چاہتے تھے، حامد رضا ایک سے دوسری جماعت میں چھلانگیں لگاتے رہے، 14 جنوری سے 7فروری تک تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کروا سکتی تھی۔جسٹس منیب اختر نے سوال کیا کہ انٹرا پارٹی انتخابات ہوتے بھی تو کیا فرق پڑنا تھا؟ ،وکیل سکندر مہمند نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی نشان مل جاتا اور وہ انتخابات کیلئے اہل ہو جاتی۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ اس صورتحال میں تو انتخابی شیڈول ہی ڈسٹرب ہو جاتا ،جسٹس منیب اختر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اتنی خاص رعایت کس قانون کے تحت ملنی تھی؟۔چیف جسٹس نے کہا کہ پی ٹی آئی انتخابات کا معاملہ کئی سال سے الیکشن کمیشن میں زیر التواء تھا، الیکشن کمیشن 13جنوری کا حوالہ دے کر معاملہ سپریم کورٹ پر کیوں ڈال رہا ہے؟ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ پارٹی انتخابات تو ہوچکے تھے معاملہ ان کی قانونی حیثیت کا تھا۔وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ آرٹیکل 218(3)کے تحت پی ٹی آئی کو رعایت دے سکتے تھے، کنول شوزب کا موجودہ کیس میں کوئی حق دعوی نہیں، کنول شوزب کو توقع تھی وہ امیدوار بن سکتی ہیں، کنول شوزب کی درخواست ناقابل سماعت ہے کیونکہ وہ متاثرہ فریق نہیں، الیکشن کمیشن نے استدعا کی کہ کنول شوزب کی درخواست خارج کی جائے۔وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ بیرسٹر گوہر سمیت پی ٹی آئی کے چار ارکان اسمبلی سنی اتحاد کونسل میں شامل نہیں ہوئے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق 6امیدواروں کو الیکشن کمیشن نے خود آزاد قرار دیا تھا۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیا یہ ممکن ہے کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو اس وقت تین دن کا وقت دیا جائے جماعت میں شمولیت کیلئے؟ وکیل نے جواب دیا کہ تین دن کا وقت گزر چکا ہے اب کیسے دیا جا سکتا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ کتنے امیدواروں کی پارٹی وابستگی اور ٹکٹ ایک ہی جماعت کے تھے؟ وکیل نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ قابل قبول نہیں تھے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اگر عدالت اس نتیجہ پر پہنچی کہ امیدواروں کو آزاد قرار دینا غلط تھا تو تین دن کا وقت دوبارہ شروع ہوگا۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے کسی جماعت کی رجسٹریشن ختم نہیں کی تھی، غلط تشریح کی وجہ سے الیکشن کمیشن کا پورا موقف خراب ہو جاتا ہے۔