اسلام آباد (الفجرآن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیوی ڈاک یارڈ حملہ کیس میں سزائے موت پانیوالے 5 سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے نیوی ڈاک یارڈ حملہ کیس میں سزائے موت پانے والے 5سابق نیوی افسران ارسلان نذیرستی، محمد حماد، محمد طاہر رشید، حماد احمد خان اور عرفان اللہ کی اپیلوں پر سماعت کی۔
پاکستان نیوی کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ افسران کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی شیئر نہیں کی جا سکتی۔عدالت نے پاک بحریہ کے نمائندے سے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں میں فیصلہ کردوں؟ ،آپ کوئی وجوہات نہیں بتا رہے سزائے موت کیوں دی گئی؟، یہ بتانا کہ سزائے موت کیوں دی گئی خفیہ معاملہ نہیں ،میرے سامنے ایک ہی سوال ہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی وجوہات بتائی جائیں؟۔ پاک بحریہ کے نمائندے نے ہدایات لینے کیلئے وقت مانگا، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔