ڈبل ٹیکسیشن آئین کی خلاف ورزی،فیصلے کی واپسی تک مذاکرات نہیں ہوں گے، صدر عبدالسمیع خان
کراچی (الفجرآن لائن) پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کیساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد 5 جولائی سے ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبد السمیع خان نے حکومت سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد 5جولائی کی صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہڑتال کا دورانیہ ایک دن سے زیادہ بھی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ (آج)جمعرات کی رات سے ملک بھر کے پمپس ڈرائی ہونا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل ٹیکسیشن آئین کی خلاف ورزی ہے، جب تک حکومت فیصلہ واپس نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں پیڑول بھروا لیں۔