
مون سون بارشوں بارے ہنگامی پلان تیار کرلیا،ہائی الرٹ کئے گئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکو اپنے علاقوں کے محفوظ مقامات کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے
کوئٹہ (الفجرآن لائن) پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے پیش نظر بلوچستان کے 17 اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے باعث سیلاب کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان کے 17 اضلاع کی انتظامیہ کو ریڈ الرٹ کردیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے حوالے سے ہنگامی پلان تیار کرتے ہوئے تمام محکموں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہائی الرٹ کئے گئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو اپنے اپنے علاقوں کے محفوظ مقامات کی لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں امدادی سامان بھی بھجوادیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نصیر آباد ڈویژن کے اضلاع ہرنائی کے سیلابی پانی جبکہ ژوب اور شیرانی کے علاقے فلش فلڈ سے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ این جی اوز کو بھی مون سون بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔