
دہشت گردی لہر کے پیش نظر عوام احتیاط سے کام لیں، رپورٹ سے قبل افواہوں، بلا تصدیق الزامات سے اجتناب برتا جائے، بیرسٹر سیف
بنوں (الفجرآن لائن) خیبرپختونخوا حکومت نے بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے دہشت گردی لہر کے پیش نظر عوام سے احتیاط سے کام لینے کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں میں جاری صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گاجسے پبلک کیا جائے گاور ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں ذمہ داروں کی نشاندہی ہو جائے گی، اس سے قبل افواہوں اور بلا تصدیق الزامات سے اجتناب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر عموما سیکیورٹی ہائی الرٹ رہتی ہے، خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے ،مقام کی حساس نوعیت بھی ناخوشگوار واقعے کی وجہ بنی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر عوام بھی انتہائی احتیاط سے کام لیں۔