راولپنڈی (الفجرآن لائن) احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں وکلائے صفائی کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جرح کیلئے آخری وارننگ دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے بانی پی ٹی آئی و اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کی ۔ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم ،بانی پی ٹی آئی کے برطانوی دوست چالس گلاس، بہنیں علیمہ خان،نورین خان ودیگر بھی دوران سماعت موجود تھیں۔ دوران سماعت وکلائے صفائی عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پرعدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کردی ۔ معاون وکیل خالد یوسف چوہدری نے 11بجے عدالت کو بتایا کہ سینئر وکلا راستے میں ہیں، کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، تاہم جج محمد علی وڑائچ نے وکلائے صفائی کو گواہان پر جرح کی آخری وارننگ دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی اور واپس روانہ ہوگئے۔