اسلام آباد/ پشاور / کوئٹہ ۔پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی برقرارہے، جہاں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں آپریشن غضب للحق کے تحت متعدد سرحدی سیکٹرز میں مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں کی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زؤبا سیکٹر (صوبہ پکتیکا سے متصل) میں افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ساوتھ کمپلیکس کے قریب ایک گاڑی کو بھی تباہ کیا گیا۔
اسی طرح نوشکی، قلعہ سیف اللہ، غلام خان اور اعظم وارسک سمیت مختلف سیکٹرز میں افغان پوسٹوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں
۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں اعلیٰ جرگہ تھانہ پوسٹ اور رحیم تھانہ پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کیا گیا، جبکہ نوشکی سیکٹر میں بھی ایک افغان پوسٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
غلام خان سیکٹر میں تباہ شدہ چوکی میں آگ بھڑک اٹھنے کی اطلاعات ہیں۔میرانشاہ کے قریب ایک پوسٹ ٹاور کو بھی مؤثر کارروائی میں تباہ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائیاں صرف فوجی اہداف تک محدود ہیں اور کسی بھی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔
دوسری جانب ضلع اورکزئی کے علاقے کلایا میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور سرحدی سلامتی کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور سرحدی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر کڑی نگرانی جاری ہے اور کسی بھی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پْرعزم ہیں۔صورتحال تاحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے جبکہ سرکاری سطح پر باضابطہ بیان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڑوب سیکٹر سے ملحقہ افغان طالبان کی طاہر پوسٹ کو کامیاب کارروائی میں تباہ کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاری آپریشن کے دوران مخالف فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق قندھار میں فضائی کارروائی کے دوران افغان فوج کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے انتہائی مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے عسکری تنصیبات کو تباہ کیا۔
جاری آپریشن میں افغان طالبان رجیم کو بھاری جانی و مالی نقصانات کا سامنا ہے۔
