عوام کیساتھ کھڑے تھے اور رہیں گے، طلباء تشدد ترک کریں، یقین دلاتا ہوں تمام مطالبات پورے کئے جائینگے، جنرل وقیر الزمان
ڈھاکہ (الفجرآن لائن) بنگلہ دیشی آرمی چیف جنرل وقیر الزمان نے ملک میں عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام کیساتھ کھڑے تھے اور رہیں گے، طلباء تشدد ترک کریں، یقین دلاتا ہوں تمام مطالبات پورے کئے جائینگے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیشی آرمی چیف جنرل وقیر الزمان نے ملک میں عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ نے استعفیٰ ے دیا ہے اور وہ ملک چھوڑ گئی ہیں،تمام سیاسی جماعتوں سے بارآور مذاکرات اور اتفاق رائے کے نتیجے میں ہم عبوری حکومت کے قیام کے فیصلے تک پہنچے ہیں، عبوری حکومت میں تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم ملک کو لاحق سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے صدر مملکت محمد شہاب الدین سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ تشدد ترک کریں،یقین دلاتا ہوں سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کیخلاف اْن کی تحریک کے دوران جو لوگ ریاستی اداروں کے ہاتھوں جان سے گئے ہیں ان کے حوالے سے انصاف کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی فوج ملک کے عوام کے اعتماد کی علامت ہے، فوج ریاست کی خاطر ہمیشہ عوام کے ساتھ ہے اور رہے گی۔