
کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان میں کانگو وائرس سے متاثرہ ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صوبے میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم ایس فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر علی احمد نے بتایا ہے کہ گزشتہ شب کانگو وائرس سے متاثرہ 42 سالہ محمد اقبال کو ہسپتال لایا گیا تھا جس کے فوری طور پر ٹیسٹ کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ مثبت آنے پر جمعہ کی صبح اس کا علاج شروع کیا گیا تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث وہ دن کے وقت دم توڑ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مریض کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کانگو وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان میں رواں سال 21 مریضوں میں کانگو کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔