
تہران (الفجرآن لائن)ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے کے نتیجے میں 11 خواتین سمیت35زائرین جاں بحق جبکہ 20 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ سے مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے جانیوالی پاکستانی زائرین کی بس ایران کے شہر یزد میں بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 35 زائرین جاں بحق اور20 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیاکے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا جبکہ حادثے کے بعد یزد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، حکام کے مطابق زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدش ہے۔حکام کے مطابق دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹنے کے بعد بس میں آگ لگ گئی تھی۔ذرائع کے مطابق سید اطہر شاہ شمسی کی قیادت میں لاڑکانہ سے 110 زائرین کا قافلہ 2 بسوں میں ایران روانہ ہوا تھا، قافلے کی ایک بس گوادر ایران سرحدی علاقے رمدان میں موجود ہے جو ایرانی شہر یزد میں حادثے کا شکار ہونیوالی بدقسمت بس سے چند گھنٹوں کی مسافت پر ہے۔