
موجودہ لیڈر شپ عمران کو جیل سے نکالنا ہی نہیں چاہتی، اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے گئے، اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر جلسہ ملتوی کرایا گیا، ہمشیرہ بانی پی ٹی آئی
اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے ترنول جلسہ کی منسوخی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ پارٹی لیڈر شپ عمران کو جیل سے نکالنا ہی نہیں چاہتی، اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے گئے، اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر جلسہ ملتوی کرایاگیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے ترنول جلسہ کی منسوخی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے گئے؟،صبح 7:30 بجے اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہو سکتی ہے؟، انہوں نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا؟۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی موجودہ لیڈر شپ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنا ہی نہیں چاہتی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین باہر بیٹھا ہے اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا، یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام عمران خا ن کا لگا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کروایا ہے، ان لوگوں میں کارکنان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا۔