معیشت بحالی سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا، مہنگائی کم ہوگی، چیزیں بہتری کی جانب گامزن، انشاء اللہ جلد بہتری نظر آئے گی،وفاقی وزیر صنعت وپیداوار
لاہور (الفجرآن لائن) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز بند نہیں کررہے،ری سٹرکچرنگ کرکے بہتری لا رہے ہیں، معیشت بحالی سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا، مہنگائی کم ہوگی، چیزیں بہتری کی جانب گامزن، انشاء اللہ جلد بہتری نظر آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں اضافہ معیشت کیلئے درست نہیں، وزیر اعظم اس بارے اقدامات کر رہے ہیں،چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں، انشاء اللہ جلد بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایکسپورٹ کم اور درآمدات زیادہ ہیں،2017ء میں ہماری معیشت بہت بہتر ہو چکی تھی، ہم آئی ٹی کو فروغ دے رہے ہیں، امید ہے دوبارہ 20 بہتر معیشتوں میں شامل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معیشت بحال ہوگی تو فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا اور مہنگائی کم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز بند نہیں کررہے، ری سٹرکچرنگ کر کے اس میں بہتری لا رہے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 100 فیصد صحیح لوگوں کو نہیں مل رہا، سبسڈی حق داروں تک پہنچانے کیلئے شفافیت لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی پہلی ترجیح زراعت ہے، کسانوں کیلئے ٹریکٹر پر سیلز ٹیکس کم اور کمرشل استعمال کرنے والوں کیلئے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے، ملک میں انتشار کی وجہ سے ہر چیز تباہی کی طرف چلی گئی ہے، ایک شخص کہتا ہے مجھے نکالا تو میں اور زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا،،چیزیں سامنے آنے پر اور کردار شکنجے میں آ ئیں گے۔