
واشنگٹن (الفجرآن لائن) امریکہ میں سمندری طوفان ہیلن نے تباہی مچا دی، 100ارب ڈالر کے مالی نقصان کیساتھ 90 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں سمندری طوفان ہیلن نے 5 ریاستوں فلوریڈا، جارجیا، ورجینیا، ساؤتھ اور نارتھ کیرولینا میں نظام زندگی درہم برہم کردیا، تیز ہواؤں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تباہ وبرباد کردیا، متاثرہ علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، پل تباہ ہوگئے، مواصلاتی نظام معطل، لاکھوں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے،متاثرہ علاقوں کے سکول اور دفاتر بند کردیئے گئے۔
حکام کے مطابق سیلاب سے 100 ارب ڈالرز تک کا مالی نقصان ہونے کا امکان ہے جبکہ اب تک90 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے جس کی تکمیل میں 5 سے 7 دن لگ سکتے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک دو روز تک بارشیں جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ شہریوں کو سمندری طوفان کے تھمنے تک ساحلوں پر نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔