
اتار چڑھاؤ،بے یقینی کے بعد پاکستان میں معاشی استحکام آیا،کاروباری اداروں کیلئے مراعات کو معاشی اہداف کیلئے حصول میں مدد گار تصور نہیں کرتے، ناتھن پورٹر
اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاکستان میں آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ اتار چڑھاؤ اور بے یقینی کے بعد پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے،پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا کہ 2023ء کے وسط میں پاکستانی معیشت نے جو اتار چڑھاؤ اور بے یقینی دیکھی تھی اس کے بعد ملک میں معاشی استحکام آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے معیشت کو آگے بڑھانے کیلئے اچھی بنیاد مل سکتی ہے،اگر پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔قرض کی سخت شرائط بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے درپیش مخصوص مسائل کو مدنظر رکھ کر اس کے حل بتائے جاتے ہیں، پاکستان کا موجودہ پروگرام بھی مختلف نہیں،نہ ہی یہ زیادہ سخت ہے۔انہوں نے آئی ایم ایف کاروباری اداروں کیلئے مراعات کو معاشی اہداف کیلئے حصول میں مدد گار تصور نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی پاکستان مضبوط ایکس چینج ریٹ، مالیاتی و مانیٹری پالیسی برقراررکھے، یہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پاکستان ہر چند سال بعد اپنی ترقی،تنزلی کی تاریخ نہ دہرائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام لانا، معیشت پابندیوں سے آزاد کرنا،نجی شعبے کی مدد سے ترقی کرنا زیادہ مفید ہوگا، اسی بنیاد پر ہی یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔