اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام پاکستان اسکواش فیڈریشن اور سرینا ہوٹلز کے تعاون سے منعقدہ چیف آف دی ایئر اسٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024، کا مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں اغاز ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں مصر، برطانیہ، ہانگ کانگ، آئرلینڈ، کویت،
ملائیشیا، نیدرلینڈز اور پاکستان سمیت 8 ممالک کے 24 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ٹورنامنٹ 18 سے 22 نومبر 2024 تک جاری رہےگا۔
ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیئے پاک فضائیہ نے ہمیشہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کی خصوصی رہنمائی اور سرپرستی میں اسکواش کے کھیل نے شاندار ترقی کی، اور نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔ ایئر چیف کی جانب سے پاکستان کی اسکواش میں تاریخی کامیابیوں کی بحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کے اظہار سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف، سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024 ایک سنسنی خیز ٹورنامنٹ بننے جا رہا ہے جو کھلاڑیوں اور مداحوں کو اسکواش کے لیے ان کے لازوال جذبے کو نمایاں کرے گا۔ اسکواش کے کھیل میں پاکستان کے شاندار ماضی کو دہرانے اور نوجوانوں کو کامیابی کے حصول کی ترغیب دینے کے لیے پاک فضائیہ کی جانب سے تعاون اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔