
نئی دہلی(الفجر آن لائن)بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا نے نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ دہلی کے لوگ روزانہ انتہائی آلودہ ہوا میں سانس لے کر ایک طرح کی موت کی سزا جیسی زندگی گزار رہے ہیں،سیاستدان کچھ نہیں کریں گے جب تک ہم اپنی آواز نہیں اٹھائیں گے۔ سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں اداکارہ ریچا چڈھا نے کہا کہ نئی دہلی بھی ان شہروں میں سے ایک ہے جہاں آبادی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی روز بروز سنگین صورت حال اختیار کر رہی ہے۔ اداکارہ رچا نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دہلی کے آسمان پر پٹاخے جلنے کی وجہ سے اسموگ کی تہہ دکھائی گئی تھی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کچھ علاقوں میں ہوا کا معیار 1000 سے تجاوز کر گیا ہے، جسے انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔