
بانی پی ٹی آئی تھانہ نیو ٹاؤن پولیس کے سپرد،تفتیشی افسر اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کرے گا
راولپنڈی (الفجر آن لائن) اے ٹی سی نے تھانہ نیو ٹاؤن مقدمے میں عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ جمعرات کو اڈیالہ جیل میں اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف تھانہ نیو ٹاؤن میں جلاؤ گھیراؤ، پولیس مزاحمت، املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمے پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، محمد فیصل ملک، علی بخاری اور فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بانی پی ٹی آئی کے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعاء کی، تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ مسترد کر کے مذکورہ مقدمے سے عمران خان کو ڈسچارج کرنے کی درخواست کی۔پراسیکیوٹر نے بانی پی ٹی آئی وکلا کے دلائل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کال پر دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود مظاہرین نے سرکاری املاک پر حملے کئے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے 28ستمبر احتجاج کی منصوبہ بندی اور اس کی کال بھی اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر ہی دی تھی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے،مقدمے میں درج متن مفروضے کی بنیاد پر ہے، وہ ڈیڑھ سال سے قید میں ہیں تو کیسے منصوبہ بندی کر سکتے ہیں؟ لہٰذا مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی درخواست خارج کردی اور 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ نیو ٹاؤن پولیس کے حوالے کرتے ہوئے جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کردی۔