
راولپنڈی (الفجر آن لائن) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، اس دوران شدید فائرنگ تبادلے میں 2دہشت گرد مارے گئے، دونوں ہائی ویلیو مطلوب دہشت گردوں کی شناخت نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہاں کے نام سے ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی اور ضلع کیچ میں کارروائیوں کے دوران بھی ایک، ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ بیان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے اور متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔