
یوکرین جنگ میں مغربی ممالک پر حملے کے امکانات کو مستردنہیں کیا جا سکتا، ولادی میر پیوٹن
ماسکو(الفجر آن لائن)روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرین جنگ کو عالمی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں روس کی طرف سے مغربی ممالک پر حملے کے امکانات کو مستردنہیں کیا جا سکتا، یوکرین کے خلاف میزائلوں کی نئی جنریشن کے ساڑھے پانچ ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے جدید ترین روسی میزائل سسٹم اورشینک کا پہلی بار استعمال کیا گیا، یہ میزائل جوہری ہتھیار کو لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے، روس اس میزائل سے کئی مغربی ممالک میں اہداف کو نشانہ بناسکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق قوم سے خطاب میں روسی صدر نے کہا کہ یوکرین کے اتحادی ممالک نے یوکرین کو روس پراپنے فراہم کردہ ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت دی اور اور روس اس پر جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔
روسی صدر نے کہا کہ ہم اپنے ہتھیاروں کو ہماری تنصیبات کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دینے والے ممالک کی فوجی تنصیبات کے خلاف استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ یوکرین کو امریکا کی طرف سے فراہم کئے گئے آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹم اور برطانوی سٹارم شیڈو پے لوڈز کوروس کے فضائی دفاع نے مار گرایا اور جو اہداف دشمن نے واضح طور پر طے کئے تھے وہ حاصل نہیں کئے جا سکے۔