
پولیس کی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شدید شیلنگ، ربڑ بلٹس کا استعمال
اسلام آباد (الفجر آن لائن)پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ بشری بی بی کی قیادت میں تمام رکاوٹیں عبور کر کے ڈی چوک پہنچ گیا ۔ اس موقع پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں شدید تصادم ہوا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شدیدشیلنگ کی جبکہ ربڑ بلٹس کا بھی استعمال کیا گیا جس سے کئی کارکنان زخمی ہوگئے جبکہ مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ دوسری جانب احتجاج کی کسی دوسری جگہ منتقلی کیلئے حکومت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، گزشتہ رات سرینگر ہائی وے پر گاڑی تلے کچلے جانے سے رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں فوج بھی طلب کرلی گئی ہے جسے شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔جڑواں شہروں میں راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ،امن و امان صورتحال کے پیش نظرمنگل کو دوسرے روزبھی تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ کئی مقدمات کی سماعت بھی نہیں ہوسکی ۔