
کراچی (الفجر آن لائن) کراچی میں موٹر سائیکل سوار5 ملزمان نے بینک سے رقم لے کر جانیوالے بزرگ شہری کو لوٹ لیا۔ پولیس کے مطابق کراچی میں ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں موٹر سائیکلوں پر سوار5ملزمان نے بینک سے رقم لیکر نکلنے والے عمررسیدہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد لوٹ لیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح ملزمان رکشے میں سوار شخص کا تعاقب کرتے ہوئے آئے اور رکشے سے اترنے پر بزرگ شہری سے رقم چھینے کی کوشش کی ، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بزرگ شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ متاثرہ عمررسیدہ شخص نے واردات سے متعلق پولیس کا آگاہ نہیں کیا تاہم پولیس نے خود بزرگ شہری سے رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کیں اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔